ایرانی صدر22اپریل کو پاکستان کا دورہ کرینگے، معاہدے ہونگے

0
64

اسلام آباد(پاکستان نیوز) ایران کے صدر ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی 22اپریل کو پاکستان کے 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ایرانی صدر کی سکیورٹی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور ان کی متعلقہ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ ایرانی صدر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ایرانی صدر کے اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کے ساتھ باضابطہ ملاقات و مذاکرات بھی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کریں گے، اس کے علاوہ ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی ملاقات ہو گی، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تجارتی تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کیدورے میں پاک ایران گیس پائپ لائن اور ممکنہ آزاد تجارتی سمجھوتہ بھی اہم ترین نکات کے طور پر شامل ہیں۔ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا، شہباز شریف حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ مملکت ہیں۔ یاد رہے پاک ایران کشیدگی اور ایران اسرائیل تنازعہ کے بعد ایرانی صدر کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here