نیویارک (پاکستان نیوز) ٹائون آف نارتھ ہیمسٹیڈ نے ہل سائیڈ اسلامک سینٹر کی توسیع روکنے کیلئے سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف اپیل کر دی ہے، اسلامک سینٹر کی جانب سے ٹاون کے اعتراضات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر جج ایریکا پراگر نے مسجد کی توسیع کے حق میں فیصلہ دیا تھا ،ہل سائیڈ اسلامک سینٹر نے جون 2023میں ٹائون کو ایڈیشنل پارکنگ کیلئے تیسری عمارت کے قیام کا پلان پیش کیا تھا ،پبلک ہیئرنگ کے بعد بورڈ نے اس پیشکش کو جنوری 2024میں یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ اس سے عام افراد کی سٹریٹ پارکنگ متاثر ہوگی جس پر اسلامک سینٹر نے سپریم کورٹ سے رجوع کر کے فتح سمیٹی تھی ، اب ایک مرتبہ پھر ٹائون کی جانب سے ایپلٹ ڈویژن میں اپیل نوٹس فائل کیا گیا ہے ،ٹائون آفیشل کے مطابق بورڈ کے پاس اب چھ ماہ کا وقت ہے ، ٹائون کی جانب سے اب تک قانونی جنگ میں پچاس ہزار ڈالر سے زائد کی رقم ادا کی جا چکی ہے ، ہل سائیڈ بورڈ آف ٹرسٹی کے چیئرمین نے موقف اپنایا کہ بورڈ کی جانب سے قانونی مد میں بھاری ادائیگیاں عوامی پیسے کا ضیاع ہے ، سپریم کورٹ کی جج نے اپنے فیصلے میں مسجد کے توسیعی کام کو جائز اور قانونی قرار دیا ہے ، ہمیں تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے۔