لندن(پاکستان نیوز) برطانیہ نے مزید 8 ممالک کو سفر کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو یہاں نہ جانے کی ہدایت کردی۔ تاکید کی گئی کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ برطانوی نیوز ویب سائٹ ویلزآن لائن کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ (ایف سی او) کی جانب سے جاری تازہ ترین الرٹ میں اس فہرست کو اپ ڈیٹ کیا گیا۔ ایسے ممالک کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ فہرست میں ممالک کو جرائم، جنگ، دہشت گردی، بیماری، شدید موسم، قدرتی آفات اور سیاحوں کو لاحق ممکنہ خطرات کی بنیاد پر شامل کیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں شامل کیے گئے نئے 8 ممالک وہ ہیں جو اس وقت تنازعات اور شورش کا شکار ہیں۔ ان میں روس، یوکرائن، اسرائیل، ایران، سوڈان، لبنان، بیلاروس اور فلسطین شامل ہیں۔ تازہ اپ ڈیٹ سے قبل بھی پاکستان، سعودی عرب، افغانستان، برکینا فاسو، وسطی افریقی جمہوریہ، چاڈ، ہیٹی، عراق، لبنان، لیبیا، مالی، نائجر، شمالی کوریا، صومالیہ، صومالی لینڈ، جنوبی سوڈان، شام، وینزویلا اور یمن اس فہرست میں شامل تھے۔