ورجینیا(پاکستان نیوز) پاکستان کے ٹاپ اسکواش کھلاڑی محمد عاصم خان نے امریکا میں ہونیوالی شارلٹس ول اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ورجینیا میں ہونیوالے ایونٹ کے فائنل میں عاصم خان نے ٹاپ سیڈ انگلینڈ کے نک وال کو 65 منٹ جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 3-1 سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلا گیم 12-14 سے گنوایا لیکن اس کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 12-10، 11-5 اور 11-6 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستان کے ٹاپ اسکواش کھلاڑی عاصم خان کے کیریئر کا پہلا ورلڈ ٹور ٹائٹل ہے۔ شارلٹس ول اوپن چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم 28،750 ڈالرز تھی۔ اس فتح کے ساتھ عاصم خان کو 500 رینکنگ پوائنٹس بھی ملے، جو ان کی عالمی رینکنگ کو مزید بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس سفر میں عاصم خان کو پاکستان اسکواش فیڈریشن کی طرف سے صفر کی حمایت حاصل ہے۔ ان کی تمام مدد امریکہ میں کے 2 اسکواش کلب کی طرف سے کی گئی جس کی ملکیت ایک پاکستانی کے پاس ہے جس نے عاصم کو امریکہ میں اچھی تربیت دینے میں مدد کی۔