لاہور(پاکستان نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے پر اتفاق کرلیا گیا، اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان نے پہلے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا، اسپیکرقومی اسمبلی اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف عدم اعتماد بعد میں لائی جائیگی۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی سابق صدر آصف زرداری وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے صدر ن لیگ شہبازشریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹان گئے، جہاں پر صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ جییوآئی ف کے وفد میں اکرم درانی، مولانا اسعد الرحمان اور مولانا امجد سمیت دیگر شامل تھے۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو، سید یوسف رضا گیلانی، سید حسن مرتضی سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی،جس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا ٹاسک آصف زرداری کو سونپ دیا گیا، جبکہ آصف زرداری کو ہی حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور معاملات طے کرنے کا بھی ٹاسک دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں جماعتوں کے سربراہان نے پہلے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف عدم اعتماد بعد میں لائی جائے گی،تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پرآصف زرداری نے صدر ن لیگ شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کا نام تجویز کیا ، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے بھی شہبازشریف کے نام پر اتفاق کیا۔