واشنگٹن (پاکستان نیوز) محکمہ خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں 30 سالہ جنگ ختم کرنے کا وقت آگیا،پاکستان کے لیے امریکی امداد قرضہ نہیں گرانٹ ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زیڈ تارڑ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا، امریکہ علاقے میں امن کے لیے ہر کوشش کو اہمیت دیتا ہے۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں کوئی تناو¿ نہیں آیا، پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات 70 سال پرانے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات خوشحالی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو اہمیت دیتے ہیں، تعلیم اور صحت میں امریکہ برسوں سے پاکستان کے ساتھ ہے۔ امریکہ نے 2000 سے اب تک پاکستان کو ساڑھے 8 ٹریلین سے زیادہ امداد دی ، مسئلہ کشمیر کا حل صرف دو طرفہ بات چیت سے ممکن ہے ، امریکہ تمام ممالک پر لوگوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کیلئے زور دیتا ہے۔