ایران امریکہ رابطہ ختم؛آبنائے ہرمز کی مکمل بندش اورتمام جنگی محاذ فعال کرنیکا اعلان

0
13

تہران (پاکستان نیوز)اطلاعات کے مطابق ایران نے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روکنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی حکام نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے فوری طور پر باہر نکلے۔ ایرانی حکومت کا موقف ہے کہ موجودہ سنگین صورتحال میں کسی بھی قسم کے مذاکرات کا کوئی امکان باقی نہیں رہا، اور اب اسرائیل سمیت اس کے تمام حامیوں کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران نے عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے اور باب المندب سمیت دیگر تمام عسکری محاذوں کو فعال کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام اور انقلاب کے راستے میں اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں اور ملک کسی بھی مشکل کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طاقت کے ساتھ اپنا راستہ جاری رکھیں گے، کیونکہ فتح یا شہادت دونوں صورتوں میں کامیابی ان کی ہی ہوگی۔ دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خطے کی صورتحال پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کے تمام جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے ایرانی عسکری اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والے تمام اڈوں کو نشانہ بنانا ان کا قانونی حق ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here