نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک میں رہائش کیلئے موزوں ترین مقامات کی تازہ ترین امریکی رپورٹ میں لانگ آئی لینڈ کے تین علاقوں نے نیویارک کی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے سات مقامات میں جگہ بنا لی ہے۔ یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی سال 2026 اور 2027 کی درجہ بندی کے مطابق میساپیکوا پارک نے مسلسل دوسرے سال بھی نیویارک ریاست میں پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ اس رپورٹ میں روزگار کے مواقع، معاشی استحکام، معیار زندگی اور عوامی ترجیحات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق میساپیکوا پارک میں بے روزگاری کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے اور وہاں کی اوسط گھریلو آمدنی 177,815 ڈالر ہے جو قومی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر گرینڈ ہکسویل نامی علاقہ رہا جس کی اوسط گھریلو آمدنی 157,182 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہکسویل میں بے روزگاری کی شرح صرف 3 فیصد ہے جو اسے ایک مستحکم معاشی مرکز بناتی ہے۔ تیسرے نمبر پر لنڈن ہرسٹ کا علاقہ رہا جس نے نیویارک ریاست میں ساتواں نمبر حاصل کیا ہے، اور اسے بہترین عوامی نقل و حمل اور سستی رہائش کی وجہ سے پسند کیا گیا ہے۔ قومی سطح پر اس بار ریاست انڈیانا کے دو قریبی شہروں کارمل اور فشرز نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ٹیکساس کا شہر فلاور ماؤنڈ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ یہ درجہ بندی امریکی محکمہ شماریات اور وفاقی اداروں کے مستند ڈیٹا کی روشنی میں تیار کی گئی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ نیویارک سٹی اور دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں لانگ آئی لینڈ کے مضافاتی علاقے خاندانوں کے لیے زیادہ پرکشش اور محفوظ ترین بن چکے ہیں۔











