واشنگٹن (پاکستان نیوز)خبروں کے مطابق ریاست لوزیانا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر جان کینیڈی نے سال 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔ ایک نیوز پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینیٹر کینیڈی نے کہا کہ وہ فی الوقت سینیٹ کے اگلے انتخاب میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اگر انہوں نے محسوس کیا کہ وہ سینیٹ میں مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہے یا مقابلے میں ناقص صلاحیت کے حامل امیدوار سامنے آ گئے تو وہ صدارتی دوڑ میں شامل ہونے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ فی الحال ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں جماعتوں کے متعدد سیاست دان 2028 کے صدارتی انتخاب میں قسمت آزمائی پر غور کر رہے ہیں لیکن ابھی تک کسی بھی رہنما نے باضابطہ طور پر اپنے نامزدگی کا اعلان نہیں کیا ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس کو بھی مستقبل کا طاقتور صدارتی امیدوار سمجھا جا رہا ہے تاہم سینیٹر کینیڈی نے کسی بھی ممکنہ حریف پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے پاس امیدواروں کا ایک وسیع میدان ہونا جمہوری عمل کے لیے مفید ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ماضی میں نائب صدر وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو جیسے رہنماؤں کے نام تجویز کیے گئے ہیں، لیکن روبیو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ فی الوقت ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سال 2012 کے بعد یہ پہلا صدارتی انتخاب ہوگا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار نہیں ہوں گے۔










