ممدانی کا رائکرز جیل بند کرنیکا اعلان

0
31

نیویارک (پاکستان نیوز)میئر ظہران ممدانی کی جانب سے شہر کے سب سے بڑے قید خانے رائکرز آئی لینڈ کو بند کرنے کے اعلان نے قدامت پسند حلقوں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ میئر ظہران ممدانی نے محکمہ اصلاحات کے کمشنر اسٹینلے رچرڈز کے ہمراہ ایک پیغام میں واضح کیا کہ وہ اس جیل کو ہمیشہ کے لیے بند کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت اس جزیرے پر واقع قید خانے کی جگہ شہر کے مختلف اضلاع میں 4 چھوٹی جیلیں تعمیر کی جائیں گی، جن میں سے پہلی جیل 2029 میں بروکلین میں کھولی جائے گی۔ تاہم، اس فیصلے پر قدامت پسند رہنماؤں اور تجزیہ کاروں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شدید تنقید شروع کر دی ہے۔ رکن کانگریس نینسی میس نے الزام عائد کیا کہ شہر امن و امان کی بالادستی سے دستبردار ہو رہا ہے، جبکہ سابق پولیس کمشنر بل بریٹن نے اس منصوبے کو دیوانگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 80 لاکھ سے زائد آبادی والے شہر میں صرف 3500 مجرموں کو قید رکھنے کی گنجائش کا تصور غیر منطقی ہے۔ سابق صدارتی ترجمان ایری فلیشر نے کہا کہ اصل مسئلہ جیل نہیں بلکہ اس کے اندر موجود لوگ ہیں، جبکہ دیگر ناقدین نے خبردار کیا کہ قیدیوں کی رہائی سے شہر کی سڑکیں اور محلّے غیر محفوظ ہو جائیں گے اور نیویارک اب تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ واضح رہے کہ یہ منتقلی راتوں رات نہیں ہوگی بلکہ نئے نظام الاوقات کے تحت یہ قید خانہ 2032 کے آخر تک بند ہوگا، جس کے لیے قیدیوں کی مجموعی تعداد کو 6600 سے کم کر کے 4100 تک لانا ہوگا۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here