تہران(پاکستان نیوز) ایران میں بغیر حجاب کے آن لائن کنسرٹ کرنے اور عوامی اخلاقیات کی خلاف ورزی کے جرم میں 29 سالہ معروف ایرانی گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے مارے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پرستو احمدی کو یہ سزا پیر کے روز 2024 میں یوٹیوب پر براہ راست نشر کیے جانے والے ایک کنسرٹ کی پاداش میں دی گئی ہے جو ایران میں بے حد مقبول ہوا تھا۔ ایران کے قوانین کے تحت خواتین پر عوامی مقامات پر اکیلے گانے اور بغیر حجاب کے آنے پر سخت پابندی عائد ہے۔ یہ متنازع کنسرٹ 11 دسمبر 2024 کو ایران کے تاریخی مقام دیر گچین کاروان سرائے میں فلمایا گیا تھا جس میں کوئی براہ راست سامعین موجود نہیں تھے لیکن اس ویڈیو کو تقریباً 30 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا۔ اس پرفارمنس کے دوران گلوکارہ نے بغیر آستینوں والا لباس پہن رکھا تھا اور سر نہیں ڈھانپا تھا۔ انہوں نے اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا تھا کہ وہ اپنے پیارے لوگوں اور اپنی سرزمین کے لیے گانا چاہتی ہیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے جسے وہ ترک نہیں کر سکتیں۔ رواں سال جون میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے پرستو احمدی اور آٹھ دیگر افراد کو انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی مواد پھیلانے کے جرم میں سزا سنائی تھی۔ گلوکارہ کے وکلائ نے ستمبر میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کنسرٹ میں شریک دیگر فنکاروں سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیر علی پیرنیا اور منتظم محسن لشکری کو بھی کوڑے مارے گئے ہیں۔ کوڑوں کی سزا کے علاوہ ان پانچوں فنکاروں پر دو سال کے لیے بیرون ملک سفر کرنے اور کسی بھی قسم کی فنی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ گلوکارہ کے وکیل نے ایرانی اخبار اعتماد کو بتایا کہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم کے چار ارکان سزا پر عملدرآمد کے لیے پیر کے روز خود قم کے صوبائی حکام کے سامنے پیش ہوئے تھے۔










