لاہور (پاکستان نیوز)چوہنگ میں مالی لین دین اور خاندانی تنازع کے دوران پیش آنیوالے ایک افسوسناک واقعے میں 55 سالہ پاکستانی نڑاد امریکی تاجر سہیل انجم ججہ مبینہ طور پر قتل ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سہیل انجم کے دو بھائیوں جمشید انجم اور نفیس انجم کے درمیان مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں بدل گئی۔ اس دوران جمشید انجم نے مبینہ طور پر نفیس انجم پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ جھگڑا روکنے کے لیے آگے بڑھنے پر سہیل انجم بھی مبینہ حملے کا نشانہ بنے اور جان لیوا زخموں کے باعث اسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ زخمی نفیس انجم زیر علاج ہیں۔ چوہنگ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم جمشید انجم کو حراست میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق واقعے کے محرکات میں مالی معاملات کے ساتھ ساتھ چولستان کی اراضی کا تنازع بھی شامل سمجھا جا رہا ہے اور حکام دیگر نامزد افراد کے مبینہ کردار کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ مرحوم سہیل انجم درآمد و برآمد کے شعبے سے وابستہ نمایاں کاروباری شخصیت تھے جن کا تجارتی نیٹ ورک 27 ممالک تک پھیلا ہوا تھا اور ان کے کاروبار کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔ وہ اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے امریکا سے پاکستان آئے تھے جس کے چند ہفتے بعد یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔ بعد ازاں انہیں سیالکوٹ کے آبائی گاؤں قلعہ کلروالا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔









