تاریخی خلائی مشن ، محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلانورد بننے کیلئے تیار

0
28

اسلام آباد(پاکستان نیوز)25 نومبر 2026 کو خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے جب پاک فضائیہ کے 40 سالہ ہواباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شینڑو 24 کے ذریعے خلا میں روانہ ہوں گے۔ اس تاریخی پرواز کے ساتھ ہی وہ زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلانورد بن جائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ مشن چاند پر جانے کے بجائے زمین کے نچلے مدار میں موجود خلائی اسٹیشن کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، تاہم محمد ذیشان علی نے اس پرواز کو مستقبل میں چاند اور مریخ تک مشترکہ خلائی رسائی کا نقطہ آغاز قرار دیا ہے۔ چینی خلائی ادارے کے مطابق یہ خلائی جہاز شمال مغربی چین کے لانچ سینٹر سے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا۔ مشن میں محمد ذیشان علی بطور سائنسی ماہر چینی کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو ای کے ہمراہ خدمات انجام دیں گے۔ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتے کے قیام کے دوران وہ پاکستانی جامعات اور قومی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کی جانب سے تیار کردہ حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے 4 اہم سائنسی تجربات مکمل کریں گے۔ ان تجربات کا بنیادی مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں اور خوردبینی نامیاتی اجسام پر تحقیق کرنا ہے۔ اپنے پیغام میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ تنہا نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور ملک کا نام اپنے کندھوں پر لے کر جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس مشن کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان میں خلائی تحقیق کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ایک ہفتے کی کامیاب مہم کے بعد محمد ذیشان علی شینڑو 23 خلائی جہاز کے ذریعے واپس زمین پر لوٹیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here