واشنگٹن (پاکستان نیوز)کانگریس رکن الہان عمر کی رہائش گاہ کی تلاشی کے حوالے سے 169 صفحات پر مشتمل عدالتی دستاویزات منظر عام پر آ گئی ہیں جن کا بیشتر حصہ خفیہ رکھا گیا ہے۔ ان ریکارڈز سے انکشاف ہوا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے محکمہ انصاف نے سرچ وارنٹ کے حصول کے لیے عدالت کا حوالہ دیتے ہوئے ایک اور خفیہ وارنٹ کی مثال دی جو کسی نامعلوم شخصیت کی دو نجی رہائش گاہوں اور آلات کے لیے جاری کیا گیا تھا۔ دستاویزات کے مطابق سرکاری وکلا اور مجسٹریٹ جج میتھیو شاربا کے درمیان اراکین کانگریس کو حاصل آئینی استثنیٰ پر شدید قانونی بحث ہوئی۔ سرکاری وکلا نے 2 اکتوبر کو وارنٹ کی درخواست دی اور 5 اکتوبر تک اس کے اجرا کا مطالبہ کیا، جبکہ 7 اکتوبر کی آدھی رات کے فوراً بعد ایک تحریری موقف بھی جمع کرایا گیا۔ بعد ازاں 12 اکتوبر کو، جو کہ انتخابات سے تقریباً تین ہفتے قبل کا وقت تھا، تفتیشی اہلکاروں نے گھر کی تلاشی لی۔ محکمہ انصاف نے جج کے تحریری حکم نامے کو خفیہ رکھنے کے لیے ہنگامی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ ریکارڈ کو فرد جرم عائد ہونے کے بعد ہی عام کیا جانا چاہیے، تاہم چیف جج جیمز بوسبرگ نے پیر کے روز ان دستاویزات کا کچھ حصہ جاری کرنے کا حکم دیا۔ دستاویزات میں یہ بھی سامنے آیا کہ جج نے دو مبینہ جرائم کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کی وضاحت طلب کی تھی، جبکہ 67 صفحات پر مشتمل بنیادی حلف نامہ تاحال سربمہر ہے۔ الہان عمر نے کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے ہوئے اس کارروائی کو سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔









