نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک شہر میں جمعرات 26 نومبر کو منعقد ہونیوالی تاریخی سو ویں سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز ہواؤں کی پیش گوئی نے منتظمین اور شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق جمعرات کے روز شہر میں خراب موسم اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا امکان ہے جس کے باعث اس عالمی شہرت یافتہ پریڈ کی سب سے بڑی کشش یعنی دیو ہیکل غباروں کو فضا میں اڑانے کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہری قوانین کے مطابق اگر ہوا کی رفتار مقررہ حد سے تجاوز کر جائے تو عوامی تحفظ کے پیش نظر ان غباروں کو زمین کے قریب رکھا جاتا ہے یا ان کی پرواز منسوخ کر دی جاتی ہے۔ یہ پریڈ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک جاری رہے گی جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں سیاح نیویارک پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب ریاست بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے موقع پر ضرورت مند خاندانوں میں خوراک تقسیم کرنے کی خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حتمی فیصلہ جمعرات کی صبح کیا جائے گا۔








