کولن پاول کا جوبائیڈن کو ووٹ دینے کا اعلان ، مٹ رومنی بھی ٹرمپ کے شدید مخالف نکلے ہیں
نیویارک (پاکستان نیوز) سابق صدر جارج بش ، سینیٹر رومنی اور کولن پاول نے 2020انتخابات کے دوران ٹرمپ کو سپورٹ کرنے سے انکا ر کر دیا ہے ، تینوں شخصیات کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت آئندہ الیکشن میں ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے ، معروف اخبار نیویارک ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے خبر شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر جارج بش کے قریبی ساتھیوں نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بش آئندہ الیکشن میں کسی صورت ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے ،دوسری طرف جارج بش کے آفس نے نیویارک ٹائمز کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے ووٹ کے متعلق بالکل شفاف ہیں اور اس کا اعلان عوام میں خود کریں گے جبکہ سابق چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس اور سیکرٹری آف اسٹیٹ کولن پاول نے واضح الفاظ میں بتایا ہے کہ وہ 2020 انتخابات کے دوران ٹرمپ کو ہرگز سپورٹ نہیں کریں گے ۔اگر مٹ رومنی کی بات کی جائے تو وہ واحد ری پبلیکن سینیٹر ہیں جنھوں نے ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ووٹ دیا تھا ، کولن پاول اس بات کا واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ انتخابات کے دوران جوبائیڈن کو ووٹ دیں گے ۔