نیویارک(پاکستان نیوز)لہورلہور اے ، غیر ملکی میڈیا بھی مان گیا۔نیویارک ٹائمز نے لاہور کو دنیا کے پرکشش مقامات میں سے ایک قراردیدیا ،امریکی اخبار لکھتا ہے کہ باغوں کے شہر لاہور میں ضرور جاناچاہئے ، امریکی اخبار کے مطابق لاہوراپنی ثقافت ، تاریخ ،مہمان نوازی کی وجہ سے دنیا کا بہترین شہر ہے ، لاہور کے کھابوں کا کوئی جواب نہیں ، امریکی اخبار نے ہر سال کی طرح ان سیاحتی مقامات کی فہرست شائع کی جو اس سال میں سیاحوں کو دیکھنے چاہئیں، فہرست میں 52مقامات کو حصہ بنایا گیا جن میں لاہور بھی شامل ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اپنی یہ فہرست 2 ہزار سے زائد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد مکمل کی ،لاہور کو سیاحتی مقام کے طور پر شامل کرنے کی تجویز حنین اقبال نامی فری لانسر کی جانب سے دی گئی جو ٹورنٹو میں مقیم ہیں۔نیویارک ٹائمز نے اپنی ویب سائٹ پر حنین اقبال کی رائے پوسٹ کی۔انہوں نے لاہور کو شامل کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور کے لوگ آپ کا خیال رکھنا اور کھلانا پسند کرتے ہیں ، اندرون لاہور جو شہر کا تاریخی مرکز ہے وہ مغلیہ دور کی یادگاروں سے بھرپور ہے۔ فہرست کے دیگر مقامات میں مصر کا سیوا اویئسز، کولمبیا کا للانوس، بھارت کا کالیا دھرو ،جزائر شمالی ماریانا کا جزیرہ سائپین، ایران کا اصفہان اور دیگر شامل ہیں۔امریکی اخبار کی رپورٹ پر لاہوریوں نے 92نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ لاہور لاہور ہے۔ایک خاتون نے کہاکہ میں یہی کہوں گا غیر ملکی پاکستان آئیں اور لاہورآکر دیکھیں۔