ہم لبنان کو دوسرا غزہ نہیں بننے دیں گے: سیکریٹری جنرل

0
3

نیویارک(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ لبنان کو ایک اور غزہ بننے نہیں دیا جا سکتا اور اس جنگ کو ہر صورت روکنا ہوگا۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے 79ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے آغاز سے قبل عرب نیوز کو انٹرویو میں سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کی لڑائی کو ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہونے سے ہر قیمت پر روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آوازیں بڑھ رہی ہیں کہ ہمیں یہ ہر صورت روکنا ہے، ہمیں یہ جنگ روکنی ہے۔ ہمیں غزہ میں ہر صورت جنگ روکنی ہے۔ لبنان میں اسرائیلی فوج اور ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللہ میں ایک بڑی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کو لبنان کو غزہ کی طرح کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے۔ لبنان میں گزشتہ ہفتے کے دوران پیجرز اور واکی ٹاکی دھماکوں کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد حزب اللہ نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔ انتونیو گوتریس نے تسلیم کیا کہ غزہ میں جنگ ان کے خدشات سے زیادہ طول اختیار کر گئی اور بدترین تباہی کے ساتھ شہریوں کو تکالیف اٹھانا پڑ رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایک جانب تو حماس کے اسرائیل پر گزشتہ برس سات اکتوبر کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ساتھ ہی اس بات پر دوبارہ زور دیا کہ اس کے بعد فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینے کو کسی صورت جسٹیفائی نہیں کیا جا سکتا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا غزہ میں جنگ کو روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر عائد نہیں ہوتی؟ تو سیکریٹری جنرل نے جواب میں کہا کہ ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے یہ تنازع شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ شروع سے ہی جنگ بندی اور انسانی امداد پہنچانے کا مطالبہ کرتی آئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here