نئی دہلی(پاکستان نیوز) بھارت میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کرکے جوڑے کو ہلاک کردیا، اس لرزہ خیز واقعے نے اہل خانہ سمیت پورے گاﺅں والوں کو غم سے نڈھال کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ خطرناک واقعہ بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے جڑاہی نامی گاﺅں میں پیش آیا، میاں بیوی لکڑیاں کاٹنے گاﺅں گئے تھے جہاں انہیں شہد کی مکھیوں نے حملہ کرکے ہلا کردیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نندو پاسوان نامی شوہر اور ان کی اہلیہ مینا دیوی نے جنگل سے لکڑیاں کاٹ تو لی تھیں لیکن خود کو سستانے کے لیے ندی کے کنارے بیٹھ گئے۔بعد ازاں مکھیوں کے جھنڈ نے اچانک ان پر حملہ کردیا جس کے باعث وہ سنبھل نہ سکے اور پے در پے ڈنگ سے بے ہوش ہوگئے، زخموں سے چور جوڑے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق شہد کی مکھیوں کے حملے کے وقت اطراف میں دیگر لوگ بھی موجود تھے جو اپنی حفاظت کے لیے فرار ہوگئے اور گاﺅں جاکر لوگوں کو واقعے سے آگاہ کیا۔اہل محلہ اور خاندان کے دیگر افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تو دونوں بے ہوش پڑے تھے اور شہد کی مکھیاں ان پر حملہ آور تھیں، لوگوں نے کوششوں کے بعد مکھیوں کے حصار سے میاں بیوی کو نکالا اور اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ جتیندر نامی بیٹا شدید صدمے کا شکار ہے۔