قونصل جنرل پاکستان جاوید عمرانی کا پاکستانی کمیونٹی کو الوداعی افطار عشائیہ ،کمیونٹی کے مختلف شعبہ ٔ حیات کی ممتاز شخصیات کی شرکت

0
402

شکاگو کی فعال و متحرک پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا ہے: جاوید عمرانی
جاوید عمرانی کا مثبت رویہ اور خدمات قابلِ ستائش ہیں ، کمیونٹی کا خراج ِ تحسین ،عمرانی و اہلیہ کو پھول پیش کیے گئے

شکاگو ( پاکستان نیوز ) پاکستان قونصلیٹ شکاگو میں متعینہ قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی نے جمعہ 23 اپریل کو فورسیزنز اسٹیک اینڈ گرل میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں اپنی شکاگو میں تعیناتی کی تکمیل کے حوالے سے پرُ تکلف افطار عشائیہ کا اہتمام کیا۔ عشائیہ میں کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی مقتدر و نمایاں شخصیات شریک ہوئیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل جاوید عمرانی نے شکاگو میں اپنے قیام کو اپنے کیرئیر کا خوشگوار اور یادگار حصہ قرار دیا اور کمیونٹی کے احسن رویوں ، تعاون اور پیشہ ورانہ و سماجی خدمات کی انجام دہی میں اشتراک عمل کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ شکاگو کی متحرک و فعال کمیونٹی نے اپنے کردار سے پاکستان کے امیج کو جلا بخشی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جاوید عمرانی کے شکاگو میں تعیناتی کے دوران ان کی کمیونٹی خدمات اور برادرانہ و مثبت رویہ کو خراج ِ تحسین پیش کیا اور ان کے بہتر مستقبل و کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء اس موقع پر کمیونٹی کی جانب سے جاوید عمرانی اور اہلیہ کو پھول پیش کیے گئے جبکہ ممتاز معالج و سماجی رہنما ڈاکٹر مرتضیٰ آرائیں نے شکاگو کی تاریخ پر تالیف شدہ کتاب پیش کی۔ واضح رہے کہ جاوید احمد عمرانی اپنی شکاگو میں تعیناتی کے اختتام پر 9 مئی کو پاکستان روانہ ہوں گے جبکہ شکاگو میں قونصل جنرل کیلئے وزارت ِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل طارق کریم کی تعینای کی جا رہی ہے۔ عشائیہ تقریب میں کمیونٹی نمائندگان کے علاوہ وائس قونصل جنرل مُکل ابڑو اور قونصلیٹ کے دیگر عہدیداران و ارکان بھی شریک ہوئے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here