نیوجرسی(پاکستان نیوز) نیو جرسی کے سینئٹر کوری بوکر نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لیے سابق نائب صدر جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں بوکر نے کہا کہ بائیڈن ”اوول آفس کی حرمت بحال کریں گے اور وہ ہمیں درپیش بنیادی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔“ بوکر خود بھی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے امیدوار تھے لیکن انھوں نے جنوری میں اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بوکر نے یقین ظاہر کیا کہ بائیڈن ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور ان کی کوشش رہے گی کہ وہ ملک کے صدر کا انتخاب جیتیں۔ بوکر نے کہا کہ ”نفرت اور معاشرے کو تقسیم کرنے والی سوچ کا مقابلہ مشترکہ مقصد حاصل کرنے کی کوشش سے کیا جانا چاہیے۔“ بائیڈن کے ایک مشیر کے مطابق بوکر ڈیٹرائٹ، فلنٹ اور مشی گن میں انتخابی مہم میں بائیڈن کے ہمراہ تھے۔ اس سے قبل کیلی فورنیا کی سینیٹر کملہ ہیرس، میساچیوسٹس کے سابق گورنر ڈیول پیٹرک، منی سوٹا کی سینیٹر ایمی کلوبچر، پیٹ بٹیجج، بیٹو رورکے، مائیک بلوم برگ، ٹِم رائن اور جان ڈلانی جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں۔