18مارچ کے انٹراپارٹی الیکشن کیلئے امجد نواز صدر، محمد اکرم سینئر نائب صدر، زمان آفریدی جنرل سیکرٹری، عمران قاضی ایڈیشنل سیکرٹری نامزد کئے گئے
نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف نیویارک کی جانب سے 18 مارچ کو ہونےوالے ”انٹرا پارٹی الیکشن“ کے اعلان کے بعد امریکہ کی مختلف ریاستوں کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں پاکستانی کمیونٹی میں بڑی ہل چل ہے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما امجد نواز نے اس موقع پر ”انصاف پینل“ کے نام پر ایک انتخابی پینل کا اعلان کیا ہے جس سے نیویارک کی کمیونٹی انتہائی سرگرم نظر آتی ہے اس موقع پر انہوں نے نیویارک کوئنز کے ایک مقامی ریسٹورنٹ کے ہال میں اپنی ”انصاف پینل“ کی ٹیم کا اعلان کیا جس میں امجد نواز صدارتی امیدوار، سینئر نائب صدر محمد اکرم، جنرل سیکرٹری زمان آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری عمران قاضی ہونگے، امجد نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنی پوری ٹیم پر فخر کرتا ہوں اور ان کی گزشتہ کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے گزشتہ الیکشن ہوں یا عمران خان کی امریکہ آمد پر ہم نے پاکستان تحریک انصاف کیلئے عملی طور پر اور مالی طور پر ہر شعبے میں بھرپور خدمات دی ہیں، پی ٹی آئی نیویارک کے پلیٹ فارم سے ہم نے پی ٹی آئی کا ترانہ لکھا، میری قیادت میں پوری ٹیم 2013ءکے الیکشن میں پاکستان گئی اور سرگرم کام کیا، اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کی آمد پر اقوام متحدہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں آٹھ ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی، 2015-16ءمیں ممبر سازی کی اور 13 کوآرڈینیٹر بنائے، 2019ءمیں وزیراعظم عمران خان کے واشنگٹن ڈی سی میں ہونےوالے تاریخی جلسہ میں نیویارک سے سینکڑوں لوگوں کو لے کر واشنگٹن گئے، 2019ءمیں اقوام متحدہ میں عمران خان کے خطاب پر انڈیا کی بربریت کےخلاف کامیاب مظاہرہ کیا اور لانگ آئی لینڈ سے ہزاروں لوگوں کو لے کر گئے، کشمیریوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کے سامنے بھرپور مظاہرے میں بھرپور کردار ادا کیا، نعیم الحق مرحوم کی نیویارک آمد پر مختصر نوٹس پر چار سو سے زائد افراد کا جلسہ کیا۔ یاد رہے کہ امجد نواز”انصاف پینل“ کے چیف اور صدارتی امیدوار ہیں اور شاعر، ادیب اور صحافی بھی ہیں۔ قاری زبیر نے قرآن پاک کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا سینئر رہنما خورشید بھلیّ نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے، انہوں نے ”انصاف پینل“ کے صدارتی امیدوار اور سینئر رہنما امجد نواز، نائب صدر سینئر رہنما محمد اکرم، جنرل سیکرٹری کے امیدوار سینئر رہنما زمان آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری کے امیدوار نوجوان عمران قاضی کا تعارف کرایا، اس موقع پر سینئر رہنما محمد اکرم، سینئر رہنما زمان آفریدی اور عمران قاضی نے مختصراً اپنا تعارف کرایا اور امجد نوازپر مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ نیوجرسی سے انٹرا پارٹی الیکشن کے صدارتی امیدوارو سیم خان نے اپنے خطاب میں امجد نواز کو اپنی حمایت کا بھرپور یقین دلایا، چودھری عبدالقیوم، عمر فاروق، احسان شکیل، شوکت راﺅ، قاری زبیر اور ڈاکٹر عاطف ڈار نے اپنے مختصراً خطاب میں امجد نواز اور ان کی پوری ٹیم کو اپنی حمایت کا یقین دلایا، پریس کانفرنس میں عبدالرفیق، سید مالک، آفتاب جنگ، ظہیر رتو، وحید رتو، یحییٰ خان، ظہیر عباس، ہارون خان، تنویر بھلّی، شاہد بھلّی، محمد نواز، عبدالغفار، جی ایم گوندل، تصور ارشاد، نبیل خان، اشفاق احمد، چودھری ثناءاللہ اور محمد جاوید شاہد کے علاوہ دیگر نے شرکت فرمائی۔ اختتام پر امجد نواز نے تمام شرکاءکی آمد پر سب کا شکریہ ادا کیا اور تمام امیدواروں نے ہاتھوں میں ہاتھ کھڑا کر کے وکٹری کے نشان بنائے، تمام شرکاءکی لذیذ ڈنر سے تواضع کی گئی۔