لاہور(پاکستان نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ بند کرکے نوجوانوں کو مایوس، بے روزگار اور جمہوری آزادیوں کو قید کیا جا رہا ہے، یہ ہتھکنڈے ناقابل برداشت ہیں۔ ملک کی باگ دوڑ چند ارب پتیوں کے ہاتھ میں، جنھیں عوام کے مسائل کا اندازہ ہے نہ یہ انھیں ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ ریاست اپنے بچوں کو سستی اور معیاری تعلیم دینے میں بھی ناکام ہوگئی۔ پاک چائنہ سنٹر اسلام آباد میں الخدمت فانڈیشن کے تحت انٹرنیشنل والنٹیر ڈے پر یوتھ ایمپاورمنٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئی ٹی سیکٹر بلندیوں کو چھو رہا ہے ہمارے ہاں آئے روز فائر وال نصب کرنے کے تجربے ہوتے ہیں۔ حکومت جعلی معاشی اعدادوشمار سے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، مہنگائی کم ہونے کے دعوے ہوائی ہیں۔ انھوں نے الخدمت فانڈیشن پاکستان کو کم و بیش آٹھ بڑے شعبہ جات میں عوام کی خدمت کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ الخدمت زلزلہ، سیلاب، ہیلتھ کیئر، یتیموں کی تعلیم و تربیت، رہائش، وظائف، بنو قابل پروگرام اور دیگر پروجیکٹس کے ذریعے عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے، یہ الخدمت کا ہی ہے جس کے ذریعے ہزاروں یتیم اور بے سہارا بچے مفت تعلیم و تربیت اور رہائش حاصل کر رہے ہیں۔ الخدمت فانڈیشن آغوش جیسے بہترین تعلیمی اداروں میں ضرورت مند، غریب بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کر رہی ہے۔ نائب امیر میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور صدر الخدمت فانڈیشن ڈاکٹر رضوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں سے روزگار اور ترقی کے مواقع چھین رہی ہے۔