سٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار

0
21

کراچی (پاکستان نیوز) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعے کو بھی تیز رفتار نمو برقرار رہی، مانیٹری پالیسی اقدامات، ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم سے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد شروع ہونے اور مثبت معاشی اشاریوں کے سبب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے باوجود بڑی نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 1لاکھ 1ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی، تیزی کے سبب 58.37فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1کھرب 68ارب 82کروڑ 65لاکھ 53ہزار 537روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ایک موقع پر 1413پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1274.55 پوائنٹس کے اضافے سے 101357.32پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔دریں اثنا زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو ڈالر کی نسبت روپے کی قدر مستحکم رہی۔ کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر صرف 01پیسے کے اضافے سے 278روپے 05پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 01پیسے کے اضافے سے 279روپے 07پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2100 روپے کے اضافے سے 277300 روپے کی سطح پر آگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 1800روپے کے اضافے سے 237740روپے کی سطح پر آگئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here