شکاگو (پاکستان نیوز) شکاگو کے پاکستانی نژاد ڈاکٹر صفدر علی نے انقلابی موبائل ایپ VoteIQمتعاوف کروا کر تہلکہ مچا دیا ہے ، یہ ایک جدید ترین سافٹ ویئر ہے جس کا مقصد امریکہ کے جمہوری سسٹم میں شامل ہونے کے طریقہ کار اور پاکستانی کمیونٹی کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس نظام کا حصہ بن کر اپنی منزل کو حاصل کر سکیں۔ اس انقلابی ایپ کی تقریب رونمائی شکاگو کے علاقہ کیرول اسٹریم کے کمیونٹی ہال میں ہوئی۔ جہاں بہت سے سیاسی راہنماوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایپ VoteIQ کے بانی ڈاکٹر صفدر علی نے کہا کہ ایپ میں ووٹروں کے لیئے ضروری انتخابی معلومات حاصل کرنے، جمہوری نظام میں فعال کردار ادا کرنے کے طریقہ کار کے علاوہ لوگوں کو دوسروں پر سبقت لیجانے اور زیادہ باخبر رکھنے کے لیئے ایک تحریک ہے۔ ہمارا مقصد ووٹروں اور امیدواروں کے درمیان تقسیم کو ختم کرنا ہے تاکہ سیاسی عمل کی رسائی اور شفافیت کو بڑھایا جا سکے۔ ہم ووٹروں کو درست معلومات فراہم کر کے اور بامعنی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کر کے اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ ہر آواز سنی جائے اور اس سے ہم جمہوریت کو مذید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ ایپ VoteIQ میں صارف کی رازداری کے تحفظ کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر صفدر علی نے حاضرین کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ووٹر پرائیویسی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں فکر کیے بغیر ایپ پر الیکشن سے متعلق مواد کا محفوظ طریقے سے مطالعہ کر سکتے ہیں کیونکہ اس میں ذاتی ڈیٹا ظاہر نہیں ہوتا اور نہ ہی اس میں کوئی اشتہاری پبلسٹی ہے۔ ایپ VoteIQ کے استعمال سے ووٹرز تیزی سے امیدواروں کی چھان بین کر سکتے ہیں اور انتخابی سرگرمیوں سے باخبر رہ سکتے ہیں اس کے علاوہ محفوظ اور صارف دوست ماحول میں اہم عوامی موضوعات کے بارے میں گفتگو کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپ VoteIQ مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح پر انتخابی عمل کا حصہ بننے والے امیدواروں کے اہم معلومات فراہم کرتا ہے تاکہ صارفین کو فیصلے کرنے اور ووٹ ڈالنے کی باقاعدہ عادت پیدا کرنے میں مدد کی جا سکے۔ اس ایپ میں امیدواروں کی پروفائلز: امیدواروں کے پس منظر، پالیسیوں اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس کے علاوہ آپ اس ایپ کے استعمال سے ورچوئل ایونٹس اور لائیو ورچوئل ٹاؤن ہال ایونٹس میں حصہ لے سکتے ہیں اور امیدواروں کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں تاکہ آپ امیداروں کے منشور ووٹر اور کسی بھی اہم ایشو پر ان کے موقف کے بارے براہ راست جان سکیں۔ ایپ میں انٹرایکٹو پولز اور سروے، اپنی رائے دینے اور انتخابی گفتگو میں حصہ لینے کے لیے مختلف شہری مسائل پر ریئل ٹائم پول اور سروے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر صفدر علی نے پاکستانیوں کے علاوہ دیگر کمیونٹیز کو بھی آگاہی فراہم کی کہ وہ اس ایپ کے زریعے ہم خیال افراد سے جڑنے اور اہم موضوعات پر تعمیری مباحثوں میں حصہ لینے کے لیے ڈسکشن گروپس بنائیں۔