نیویارک(پاکستان نیوز) معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے طلاق کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔ ٹائمز آف لندن کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی کا زندگی کے مقاصد اور اہداف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد اپنے والدین کی 45 سالہ کامیاب شادی کی طرح اپنی شادی کامیاب بنانا تھا، جس میں ناکام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے تحمل مزاجی پر ہمیشہ میلنڈا کی حوصلہ افزائی کی، وہ میری والدہ کے مقابلے میں قدرے پرسکون رہیں۔ انہوں نے شادی شدہ دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا اور میلنڈا کا ایک ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میں نے اپنے والد کے مقابلے میں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا، تاہم بطور ماں بچوں کے زیادہ تر کام میلنڈا کرتی تھیں۔ 69 سالہ گیٹس نے زندگی کے اہم فیصلوں کا خلاصہ کرتے ہوئے اظہار کیا کہسابقہ اہلیہ میلنڈا سے طلاق کا فیصلہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا پچھتاوا تاحیات رہے گا۔