ٹورنٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا کی تاریخ کی سب سے بڑی اور حیرت انگیز سونے کی ڈکیتی کے مرکزی کردار ارسلان چوہدری نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ٹورنٹو کے پیئرسن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 2023 میں ہونے والی اس واردات میں بیس ملین ڈالر سے زائد مالیت کا سونا اور خطیر نقدی چوری کی گئی تھی۔ عدالتی کارروائی کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ ملزم نے اس چوری کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی اور رقم کی تقسیم کے لیے ایک تفصیلی فہرست تیار کر رکھی تھی جس کے ذریعے اس نے اپنے لاکھوں ڈالر کے قرضے اتارے۔ تحقیقات کے مطابق ارسلان چوہدری نے ایئر کینیڈا کے گودام سے سونا نکالنے کے لیے جعلی دستاویزات کا سہارا لیا اور بعد ازاں اس سونے کو پگھلا کر مختلف شہروں میں فروخت کر دیا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے قبضے سے ملنے والی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے تقریباً دس ملین ڈالر کی رقم پہلے ہی بانٹ دی تھی۔ اگرچہ ملزم نے اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے، تاہم چار سو کلو گرام وزنی سونے کا بڑا حصہ اب بھی غائب ہے جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ اسے غیر قانونی سرگرمیوں میں جھونک دیا گیا ہے۔ عدالت نے ارسلان چوہدری کو چار سال قید کی سزا سنائی ہے اور حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ سیکیورٹی کمپنی کو بائیس ملین ڈالر کی رقم واپس کرے جس کے لیے اسے چالیس سال کا وقت دیا گیا ہے۔ اس مقدمے نے کینیڈا کے فضائی حفاظتی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔











