اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی سطح پر کیے گئے ایک تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 2025 میں 61 ممالک کے عوام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیٹ منظوری (Net Approval) منفی 31 تک پہنچ گئی۔ پاکستان میں کیے گئے اس عالمی سروے کو Gallup Pakistan نے جاری کیا، جس کے مطابق ٹرمپ کی عالمی مقبولیت گزشتہ برسوں کے مقابلے مزید کم ہوئی ہے۔ 2017 میں بھی ان کی عالمی منظوری منفی 27 تھی۔ سروے کے مطابق یورپ، ترقی یافتہ معیشتوں اور کئی ایشیائی ممالک میں ٹرمپ کے بارے میں رائے خاص طور پر منفی رہی، چند ممالک میں نسبتاً بہتر تاثر بھی دیکھا گیا۔ عالمی رہنماؤں کی درجہ بندی میں ٹرمپ ان شخصیات میں شامل رہے جن کی عالمی مقبولیت واضح طور پر منفی زون میں رہی۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجوہات میں امریکی خارجہ پالیسی میں یکطرفہ اقدامات، اتحادی ممالک سے کشیدگی، تجارتی تنازعات اور عالمی تنازعات میں سخت مؤقف شامل ہیں۔











