نیویارک (پاکستان نیوز)اسٹیٹن آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک امیدوار ایلیسن زیوگاس نے اپنی طبی صورتحال کے پیش نظر کانگریس کی مہم سے دستبردار ہونے کا اچانک اعلان کر دیا ہے جس کے باعث انتخابی حلقے کی سیاسی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی پیدا ہو گئی ہے۔ ایلیسن زیوگاس جو کہ ایک طویل عرصے تک یونین الیکٹریشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور انہیں اسٹیٹن آئی لینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی بھرپور حمایت حاصل تھی، انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ انہوں نے اپنی طبی ٹیم اور اہل خانہ سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کانگریس کے لیے انتخاب لڑنا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات تھی اور وہ اپنے کام کے تجربے کو واشنگٹن تک لے جانے کی خواہش مند تھیں، تاہم وہ موجودہ حالات میں اس مہم کو مزید جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔ ان کی مہم جس نے حالیہ ہفتوں میں کافی مقبولیت حاصل کی تھی، پیر کے روز غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی۔ اس دستبرداری کے بعد اب ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے مائیک ڈی سیلس میدان میں موجود ہیں جو نیویارک پولیس کے سابق افسر ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے مقامی رہنما چارلس فال نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیوگاس ایک سنجیدہ امیدوار تھیں جنہوں نے مختصر وقت میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ اب پارٹی کمیٹی اس بات پر غور کر رہی ہے کہ مستقبل میں اس نشست کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ فی الوقت یہ نشست ریپبلکن پارٹی کی نکول مالیوٹاکس کے پاس ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی اس اہم حلقے کو دوبارہ جیتنے کے لیے پرامید ہے۔ زیوگاس کے سیاسی ایجنڈے میں سستی رہائش، مزدوروں کے حقوق اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل سر فہرست تھا۔











