نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک اور اس سے ملحقہ ریاستوں نیو جرسی اور کنکٹی کٹ جن کو ”ٹرائی سٹیٹ” بھی کہا جاتا ہے سے تین پاکستانی امریکن خواتین انتخابات میں حصہ لینے جا رہی ہیں جن کا تعلق نیویارک اور نیو جرسی کی ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ان پاکستانی خواتین میں نیویارک شہر سے فاطمہ باریاب، نیویارک سٹی کونسل کے حلقہ 25 سے امیدوار ہیں جبکہ دیگر دو خواتین شمع حیدر اور صدف جعفر نیو جرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے دو حلقوں سے انتخابات لڑ رہی ہیں۔تینوں امیدواروں کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ ہے، شمع حیدر نیو جرسی کی برگن کائونٹی کے اسمبلی ڈسٹرکٹ 37 سے سٹیٹ اسمبلی ممبر کی امیدوار ہیں جبکہ صدف جعفر بھی نیو جرسی کی اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 16 سے اسمبلی ممبر کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں اگر مذکورہ خواتین اپنی نشستیں جیت گئیں تو امریکہ میں اپنی جگہ یہ ایک نیا ریکارڈ ہو گا۔پاکستانی خواتین اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی ٹکٹ کے لیے اگلے ماہ ہونے والی ”پرائمریز” میں حصہ لینے جا رہی ہیں اگر وہ ان پرائمریز میں کامیاب ہو جاتی ہیں، تو تبھی وہ رواں سال 2 نومبر کو ہونے انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہوں گی۔نیویارک سٹی کے مئیر اور سٹی کونسل کے اراکین پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے پرائمریز (انتخابات) 22 جون اور نیو جرسی میں 8 جون کو منعقد ہوں گی۔ کرونا کی وجہ سے نیویارک میں قبل از وقت ووٹنگ 12 جون سے شروع ہو کر 20 جون تک جاری رہے گی جبکہ حتمی ”ان پرسن پرائمریز” کی تاریخ 22 جون مقرر ہے ۔ امریکہ میں بڑے انتخابات جیسے صدر، نائب صدر، کانگریس، مختلف ریاستوں کے گورنرز اور سٹیٹ اسمبلیوں کے انتخابات کے علاوہ بعض ٹائونز کے مقامی، ضمنی اور سپیشل انتخابات ہر سال منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ یہ انتخابات عموماً نومبر کے مہینے میں کرائے جاتے ہیں۔ اس سے قبل پارٹیوں سے حتمی امیدواروں کے چنائو کے لیے ابتدائی یا پرائمری چنائو جنھیں عرف عام میں ”پرائمریز” کہا جاتا ہے، امریکہ میں جون کے مہینے میں کرائی جاتی ہیں۔بعض ریاستیں اپنی سہولت کے مطابق ایسے ابتدائی پارٹی چنائو مئی کے مہینے میں بھی کروا لیتی ہیں جن امیدواروں نے ایسے انتخابات میں حصہ لینا ہوتا ہے وہ مقررہ تاریخ سے بہت عرصہ پہلے سے اپنی تیاری شروع کر دیتے ہیں۔امریکہ میں انتخابات میں حصہ لینے والے افراد کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ پارٹی ہیڈز کی بجائے سیاسی پارٹیوں کے بنیادی یا مقامی پارٹی یونٹ کرتے ہیں اور ایسے امیدواروں کی حتمی منظوری عام پارٹی ووٹرز ”پرائمریز” کے ذریعے کرتے ہیں۔ امریکہ میں پرائمریز اور عام انتخابات کروانے کی ذمہ داری کسی مرکزی الیکشن بورڈ کی بجائے امریکہ کی تمام کاونٹیز کے اپنے الیکشن بورڈز کی ہوتی ہے۔اگلے ماہ جون میں امریکہ کی کئی ریاستوں میں پارٹی امیدواروں کے چنائو کے لیے ”پرائمریز” ہونے جا رہی ہیں۔ رواں سال تین ریاستوں، نیو جرسی، ورجینیا اور کیلیفورنیا کے گورنروں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ علاوہ ازیں دیگر کئی ریاستوں کی اسمبلی کے ممبران اراکین سینٹ، میئرز اور دیگر عہدیداروں کے انتخابات بھی ہوں گے۔