نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک میں ناسو کائونٹی لیجسلیٹر کے امیدوار شہریار علی نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے ، نیویارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ لیجسلیٹر کے الیکشن میں کامیابی میری انفرادی نہیں بلکہ ہماری پوری ٹیم کی ہوگی، میں اس اہم سنگ میل پر مدد کرنے پر اپنی اہلیہ ، والدین کا بہت تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، انھوں نے اپنے خطاب کے دوران عظیم باکسر محمد علی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مثال ہے کہ آپ اس وقت نہیں ہارتے جب آپ مقابلے میں ناک آئوٹ ہوتے ہیں بلکہ اس وقت ہارتے ہیں جب آپ گرنے کے بعد دوبارہ کھڑے نہیں ہوتے۔انھوں نے کہا کہ تین سال قبل آپ سب نے لیجسلیٹر کے مقابلے میں میرا بہت ساتھ دیا ، 110فیصد کوشش کی لیکن ہم کامیاب نہیں ہو سکے لیکن اس مرتبہ ہم پوری محنت اور ڈبل قوت کے ساتھ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین، مرد دونوں اپنے اپنے محاذ پر میری کامیابی کے لیے کام کریں گے، دونوں کا معاشرے میں مثبت کردار ہے اور دونوں کی اہمیت زیادہ ہے۔اس موقع پر تمام مہمانوں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہویٔے لیجسلیٹر کے امیدوار شہریار علی کی خوب حوصلہ افزائی کی اور ان کو الیکشن میں کامیابی دلانے کی یقین دہانی کرائی۔