ہاروی وائنسٹن اور درجنوں خواتین کے درمیان ایک کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر میں تصفیہ طے پایا تھا
نیویارک(پاکستان نیوز) بدنام ہولی وڈ پروڈیوسر 68 سالہ ہاروی وائنسٹن نے گزشتہ ماہ 30 جون کو درجنوں ایسی خواتین سے پیسوں کے عوض معاہدہ کرلیا تھا جنہوں نے ان پر مختلف نوعیت کے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔ ہاروی وائنسٹن اور درجنوں خواتین کے درمیان ایک کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر میں تصفیہ طے پایا تھا، جس کی منظوری امریکی عدالتوں سے لینا لازمی تھی۔ معاہدے کے تحت تصفیے کی اجازت امریکا کی وفاقی و بینک رپٹسی عدالت سے لینا لازمی ہوگی۔ اس معاہدے کے تحت ہاروی وائنسٹن کے خلاف درجنوں ایسے سول مقدمات ختم ہوجاتے جو خواتین نے ان کے خلاف دائر کر رکھے تھے۔ ہاروی وائنسٹن کو خواتین کے ریپ الزامات کے تحت مارچ 2020 میں 23 سال کی سزا بھی سنائے جا چکی ہے، تاہم تصفیے کا تعلق پروڈیوسر کی سزا سے نہیں تھا۔ تصفیے کا تعلق ہاروی وائنسٹن کے کسی بھی فوجداری مقدمے سے نہیں تھا بلکہ یہ معاہدہ صرف سول مقدمات سے متعلق تھا۔