کورونا وائرس کے مریض ایک سے زیادہ بار اس کا شکار ہوسکتے ہیں، تحقیق

0
171

مرض کے خلاف قوت مدافعت بھی چند ماہ کے دوران غائب ہو سکتی ہے ، نئی تحقیق میں انکشاف

نیویارک(پاکستان نیوز) کورونا وائرس کو شکست دینے والے بیشتر مریضوں کی اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت یا امیونٹی چند ماہ کے دوران غائب ہوسکتی ہے۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کنگز کالج لندن کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ علامات ظاہر ہونے کے 3 ہفتے بعد اس بیماری سے تحفظ دینے والی اینٹی باڈیز کی سطح عروج پر ہوتی ہے جس کے بعد وہ بتدریج غائب ہونے لگتی ہے۔ تحقیق کے دوران کئی مریضوں میں چند ماہ بعد اینٹی باڈیز کو نہیں دیکھا گیا، جس سے طویل المعیاد بنیادوں پر ویکسین سے ملنے والے تحفظ پر شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج ہرڈ امیونٹی یا اجتماعی مدافعت کے خطرناک تصور کے تابوت پر ایک اور کیل ٹھونکنے کے مترادف ہیں۔ اس تحقیق میں 90 مریضوں کے ساتھ ساتھ کچھ اداروں کے طبی عملے کے افراد کے اندر اینٹی باڈیز ردعمل کو دیکھا گیا اور دریافت ہوا کہ 60 فیصد میں کووڈ 19 کے خلاف جدوجہد کے دوران اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت رہے، مگر 3 ماہ بعد صرف 17 فیصد میں اینٹی باڈیز کی وہ سطح برقرار رہ سکی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here