پاکستان تحریک انصاف اوورسیزکا سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریار کی شکاگو آمد

0
353

شکاگو (پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف اوورسیز (OIC) کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ گزشتہ ہفتہ تنظیمی دورہ پر شکاگو آئے۔ شکاگو میں اپنے مختصر قیام کے دوران انہوں نے تنظیمی عہدیداران و ارکان سے علاوہ میڈیا سے بھی ملاقاتیں کیں اور مختلف امور بالخصوص بیرون ملک تنظیمی و اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے نکتہ ¿نظر اور عملی اقدامات پر آگاہی دی۔ بدھ 3 جولائی کو تحریک انصاف کے مقامی دفتر واقع دیوان ایونیو پر تنظیم کے عہدیداران و میڈیا سے ملاقات کیلئے منعقدہ اجلاس میں انہوں نے جملہ معاملات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پی ٹی آئی شکاگو راجہ یعقوب نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کپتان کو ایک ایماندار‘ راسخ مسلم‘ پاکستان کیلئے مخلص اور حقیقی لیڈر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ماﺅزے تنگ‘ قائداعظم اور عمران خان جیسے رہنما ہی قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عبداللہ کی طویل جدوجہد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ راجہ یعقوب نے شکاگو چیپٹر کی مالی و سیاسی جدوجہد کی تفصیل بھی بیان کی۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے معتمد اختر علی نے اپنے خطاب میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ کی قیادت پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا اور امید ظاہر کی کہ امریکہ بالخصوص شکاگو کے تنظیمی ایشوز ڈاکٹر صاحب کی قیادت میں احسن طریقے سے سلجھ جائیں گے۔ اختر علی نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ ابتری کے خاتمے اور عوام کی بہتری کا وقت آگیا ہے۔ اس وقت ہمیں وزیراعظم کے اہداف کی تکمیل اور تحریک انصاف کی بہتری کیلئے تمام اختلافات بھلا کر اتحاد قائم کرنا چاہئے۔ تقریب سے سید علی بختیاری اور یاسین چوہان نے بھی اور پی ٹی آئی شکاگو کے معاملات پر تجاویز دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے اوورسیز کی اہم ذمہ داری دیئے جانے کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی تقویت اوورسیز پاکستانی کمیونٹی ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی خدمت کیلئے میری نامزدگی خان صاحب کے اعتماد و بھروسہ کا مظہر ہے۔ بیرون ملک پی ٹی آئی کے تنظیمی امور اور اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت کے حوالے سے اظہار خیال میں ڈاکٹر عبداللہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے آئین میں اوورسیز چیپٹر (OIC) شامل کیا گیا ہے۔ اوورسیز چیپٹر کے عہدیداروں کو مرکزی کونسل میں بھی نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات‘ برطانیہ وغیرہ تنظیمی مراحل تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ تنظیم کا تمام تر کام پورٹل اور ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے۔ یو ایس اے کے پورٹل پر بھی کام کا آغاز ہورہا ہے۔ امریکہ و کینیڈا پر مشتمل ریجن کی تشکیل اور ڈھانچہ اور بنیادی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ نے آرگنائزیشنز کو موثر بنانے کے حوالے سے اس فیصلے سے بھی آگاہ کیا کہ تنظیم کا کوئی بھی ذمہ دار بیرون ملک دورے پر صرف متعلقہ منتخب سربراہ سے رابطہ رکھے گا۔ انفرادی رابطوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھیوں اور میڈیا کو وزیراعظم کی امریکہ آنے پر واشنگٹن آنے کی دعوت بھی دی۔ ڈاکٹر عبداللہ نے اختر علی اور دیگر ساتھیوں کی تحریک انصاف سے طویل وابستگی اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here