ٹورانٹو(پاکستان نیوز)مسجد میں فائرنگ کے بدترین واقعہ کے پانچ سال بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹوروڈو نے اسلامو فوبیا کو روکنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا کی صریح مذمت اور دورِحاضر کی اس لعنت کے تدارک کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کا یہ بروقت اقدام (اسلاموفوبیا سے متعلق) اس مطالبے کی تائید ہے جو میں ایک عرصے سے دہراتا رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ آئیے سب مل کر اس آفت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کریں۔واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو روکنا ہے اور کینیڈین مسلمانوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے ان اقدامات میں مدد کے لیے ہم ایک نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔