ٹیکساس ؛اسکرو ورم 2 کیسز کی تصدیق

0
7

ہیوسٹن (پاکستان نیوز)ٹیکساس میں گوشت خور پرجیوی اسکرو ورم کا دوسرا کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں اس موذی وباء کے پھیلاؤ کے حوالے سے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ امریکی محکمہ زراعت نے جمعہ کے روز اس دوسرے کیس کی باقاعدہ تصدیق کی ہے، جو کہ دہائیوں بعد سامنے آنے والے پہلے کیس کے مقام سے محض چند میل کے فاصلے پر پایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق زوالا کاؤنٹی کے ایک فارم ہاؤس میں ایک ماہ کے بچھڑے میں اس انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے، جو بدھ کے روز لا پرائور کے علاقے میں رپورٹ ہونے والے پہلے کیس سے صرف 9 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ علاقہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ امریکی اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ انسپکشن سروس کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے علاقے میں کئی مشکوک کیسز کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی۔ اسکرو ورم ایک انتہائی خطرناک پرجیوی ہے جس کے کیڑے زندہ جانوروں اور انسانوں کے کھلے زخموں میں انڈے دیتے ہیں اور ان کا گوشت کھانا شروع کر دیتے ہیں، جو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکہ نے کئی دہائیاں قبل سخت کوششوں کے بعد اس وبائ پر قابو پا لیا تھا، اس لیے ان نئے کیسز نے امریکی لائیو اسٹاک کی صنعت اور متعلقہ اداروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اگرچہ مقامی اور وفاقی حکام کی جانب سے ارد گرد کے علاقوں سے جمع کیے گئے دیگر تمام نمونوں کے نتائج اب تک منفی آئے ہیں، لیکن اس کے باوجود حفاظتی اقدامات اور نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ اس خطرناک وبائ کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here