ٹورنٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا کی ڈرہم ریجنل پولیس نے اعلیٰ سطح پر منظم بین الاقوامی چور گروہوں کے خلاف ایک وسیع اور سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جو سیاحت کی آڑ میں ملک میں داخل ہو کر سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اس قسم کے جرائم کو کرمنل ٹورازم کا نام دیا گیا ہے جس میں زیادہ تر جنوبی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور چور کینیڈا کے سیاحتی ویزوں یا الیکٹرانک سفری دستاویزات کا سہارا لے کر ملک میں داخل ہوتے ہیں۔ ان گروہوں کا بنیادی نشانہ گریٹر ٹورنٹو ایریا اور بالخصوص ڈرہم ریجن کے امیر اور مہنگے ترین رہائشی علاقے ہیں۔ یہ چور انتہائی جدید اور منظم طریقے سے کام کرتے ہیں جہاں یہ پہلے سے مہنگی گاڑیوں پر نظر رکھتے ہیں اور گھروں کی نگرانی کر کے مالکان کی نقل و حرکت کا جائزہ لیتے ہیں۔ وہ گھروں کے حفاظتی نظام اور الارم کو ناکارہ بنانے کے لیے جدید آلات کا استعمال کرتے ہیں اور اکثر دوسری منزل کی کھڑکیوں کے ذریعے داخل ہوتے ہیں جہاں سیکیورٹی کیمرے یا سینسر موجود نہیں ہوتے۔ چوری شدہ قیمتی سامان، سونا، نقد رقم اور برانڈڈ اشیائ کو فوری طور پر مقامی یا بین الاقوامی منڈیوں میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے ڈرہم پولیس اب صوبائی پولیس، کینیڈا کی سرحدی ایجنسی اور وفاقی انٹیلیجنس اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔ پولیس نے مقامی شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کریں۔









