ایران کیساتھ دو تین روز میں معاہدے کا دعویٰ

0
5

واشنگٹن (پاکستان نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پس پردہ مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اگلے 2 یا 3 دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان ایک بہت بڑا اور مضبوط معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ امریکی صدر کے مطابق اس ممکنہ معاہدے کے نتیجے میں ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ دستخط ہوتے ہی ہرمز کی بند آبنائے کو بھی بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی شدید گولہ باری اور فضائی حملوں کے بعد امریکی صدر کی مداخلت پر دونوں فریقین نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے واضح کیا کہ انہوں نے بنیامین نیتن یاہو کو عقل و فہم سے کام لینے کی ہدایت کی تھی کیونکہ وہ ایک بڑے امن معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے حکم عدولی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی نیتن یاہو سے بات ہوئی تو میزائل پہلے ہی فضا میں داغے جا چکے تھے۔ دوسری جانب انہوں نے ہرمز کی آبنائے کے قریب گر کر تباہ ہونے والے امریکی جنگی ہیلی کاپٹر کے واقعے پر بھی روشنی ڈالی اور تصدیق کی کہ اس حادثے میں دونوں پائلٹ مکمل طور پر محفوظ رہے ہیں جنہیں بروقت بچا لیا گیا ہے اور اس واقعے کی حتمی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here