نیویارک (پاکستان نیوز)امریکہ میں شہریت حاصل کرنے والے تارکین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے ، رواں برس بھی 9 لاکھ سے زائد تارکین امریکی شہری بن گئے ہیں، تحقیقاتی ادارے اور تھنک ٹنک ”پیو ریسرچ ”کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2022میں نو لاکھ امیگرنٹس نے امریکی شہریت حاصل کی ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال 2008کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھی مالی امریکی سال میں اتنی بڑی تعداد (نو لاکھ ) میں امیگرنٹس ، امریکی شہری بنے ہوں۔”پیو ریسرچ” کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ انہوں نے اعداد و شمار یو ایس ہوم لینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ اور مردم شمار ی بیورو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس سے حاصل کئے ہیں۔پیو کے ایک اور سروے کے مطابق، نیچرلائزیشن(امریکی شہریت ) میں اضافہ قانونی گرین کارڈ حاصل کرنے والے تارکین وطن اور زیادہ غیر ملکی طلبائ ، سیاحوں اور دیگر قانونی عارضی تارکین وطن کی،کورونا وبا کے خاتمہ کے بعد ، ملک میں ہونے والے اضافے کے ساتھ موافق ہے۔