کھیلوں پرجواء ایپس کیخلاف عدالتی فیصلہ

0
8

واشنگٹن (پاکستان نیوز)ٹرمپ کے نامزد کردہ تین وفاقی ججوں نے پیشگوئی کی مارکیٹوں کو ایک سنگین قانونی ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ نائنتھ سرکٹ کورٹ آف اپیلز نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے نیواڈا کے منتظمین کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کھیل سے متعلق پیشن گوئی کے معاہدو ں کو جوئے کے زمرے میں رکھ کر ریاستی قوانین کا پابند بنائیں۔ اس فیصلے نے ڈرافٹ کنگز اور پولی مارکیٹ جیسے پلیٹ فارمز کی ان کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے جس کے تحت وہ خود کو وفاقی سطح پر منظم مالیاتی منڈیوں کے طور پر پیش کر رہے تھے۔ صحافی ڈسٹن گوکر نے اس فیصلے کو اپیل کی سطح پر ان کمپنیوں کے لیے ایک انتہائی سخت حکم قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ تھرڈ سرکٹ کے اس سابقہ فیصلے سے سراسر متصادم ہے جس نے پیشگوئی کے ان معاہدوں کو مکمل طور پر وفاقی دائرہ اختیار میں دیا تھا۔ دو مختلف اپیل عدالتوں کے اس تضاد نے اب اس قانونی جنگ کو سپریم کورٹ تک لے جانے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ یہ قانونی دھچکا خود صدر ٹرمپ کے لیے ایک بڑی خفت کا باعث ہے کیونکہ ان کی انتظامیہ کا موقف رہا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کا جوئے سے کوئی تعلق نہیں اور ریاستوں کے پاس انہیں روکنے کا کوئی اختیار نہیں۔ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی ان پیشگوئی مارکیٹوں سے بحیثیت مشیر منسلک رہے ہیں۔

نیواڈا کے علاوہ مشی گن اور واشنگٹن جیسی دیگر ریاستیں بھی ان کمپنیوں کے آپریشنز کو روکنے کے اقدامات کر چکی ہیں۔ نیویارک نے بھی ان پلیٹ فارمز کے خلاف غیر قانونی جوئے کی بنیاد پر مقدمہ کر رکھا ہے۔ اس فیصلے کے بعد روایتی سپورٹس بیٹنگ کمپنیوں کے حصص میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here