واشنگٹن(پاکستان نیوز) سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیٹو کے رکن ملک کی سرزمین، بشمول خود مختار ڈینش جزیرہ گرین لینڈ پر قبضہ یا کنٹرول کرنے سے روکنے کے لیے سینیٹ میں بل پیش کر دیا ہے۔ اس نئے بل کو نیٹو یونٹی پروٹیکشن ایکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ مذکورہ بل محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ کو پابند کرے گا کہ وہ کسی بھی فنڈ کا استعمال کسی نیٹو رکن ملک کی زمین پر بلاک ایڈ، قبضہ، الحاق یا کنٹرول کے لیے نہ کریں۔ ڈیموکریٹ اور ریپبلکن سینیٹرز نے کہا ہے کہ یہ قانون امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسے کو نیٹو کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں سے محفوظ رکھے گا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کا عندیہ دیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ چین یا روس بھی اس پر کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب ڈینش اور گرین لینڈ کی حکومت نے اپنے علاقے کی خودمختاری کے دفاع میں واضح مقف اختیار کیا ہے۔ گرین لینڈ کی 57 ہزار کی آبادی میں زیادہ تر افراد امریکی کنٹرول کے خلاف ہیں۔













