سینٹ الیکشن گیلانی نے حفیظ شیخ کو چت کر دیا

0
736

اسلام آباد (پاکستان نیوز)سینٹ الیکشن کے دوران اسلام آباد کی جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوگئے ہیں، ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے، ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔ حکومت کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی گئی تاہم دوبارہ گنتی میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔اسلام آباد سے خواتین کی نشست پر ن لیگ کی فرزانہ کوثر اور تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد کے درمیان مقابلہ تھاجس میں تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ حاصل کیے اور سینیٹر منتخب ہوئیں۔حکومتی اتحاد کے پاس 181 جب کہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں تھیں۔قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبرچترالی کے سوا تمام 340 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ بیلٹ پیپر پر دستخط کی وجہ سے شہریار آفریدی کا ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ بلوچستان میں مجموعی 12 نشستوں کے نتائج بھی آگئے جہاں سے بی اے پی اور اتحادیوں نے مجموعی 12 میں سے 8 نشستوں پر فتح سمیٹی، جنرل کی 5 ، ایک ٹیکنوکریٹ و خواتین کی نشست بی اے پی جیت گئی۔بلوچستان سے سینیٹ کی 4 نشستیں پی ڈی ایم کے حصے میں آئیں، جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری، بی این پی مینگل کے محمد قاسم کامیاب ہوئے۔خیبرپختونخوا کی مجموعی جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے شبلی فراز، لیاقت ترکئی، محسن عزیز، پی ٹی آئی کے فیصل سلیم، ذیشان خانزادہ کامیاب ہوئے ،جنرل نشستوں پر جے یو آئی کے عطا الرحمان، اے این پی کے ہدایت اللہ کامیاب ہوئے۔خواتین کی دونوںنشستوں پر پی ٹی آئی کی ثانیہ نشتر اور فلک ناز کامیاب قرار پائیں، اقلیت نشست پر پی ٹی آئی کے گور دیپ سنگھ کامیاب ہوئے جبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے دوست محمد اور ڈاکٹر محمد ہمایوں جیت گئے ، اس سے قبل پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی بجائے اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے میدان مارنے پر اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر سوالات اُٹھنے لگ گئے ہیں اور ذرائع کے مطابق بیک ڈور چینل پر اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل ہوچکی ہے کہ وہ اب عمران خان کو مزید وزیراعظم نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی جگہ پر شاہ محمود قریشی کولانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں تمام معاملات طے پاگئے ہیں، جلد اہم کردار بھی سامنے آئیں گے ، دوسری جانب چیئرمین سینیٹ کی نشست پر شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آئین کے عین مطابق الیکشن کروانے کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا لیکن الیکشن کمیشن شفافیت دکھانے میں ناکام رہا ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here