نیویارک(پاکستان نیوز) امریکی کانگریس کی خاتون رکن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے ٹیلی ٹاون ہال میٹنگ میں شرکائ کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ صدر بائیڈن کی آنکھیں کیوں بند ہیں انہیں نظر کیوں نہیں آرہا کہ اسرائیل ہمارے ڈالرز کو غزہ میں انسانی نسل کشی کے لیئے استعمال کر رہا ہے اور یہ سب کچھ امریکی فوجی مدد سے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو دی جانے والی اربوں ڈالر کی امداد کو انسانی حقوق اور جنگی جرائم کی روک تھام سے منسلک کیا جانا چاہیے۔ مجھے نہیں لگتا کہ امریکی عوام ہمارے عوامی وسائل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے فنڈز ضائع ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی اندھا دھند بمباری سے فلسطینیوں کے ساتھ کوئی پرامن یا دیرپا حل نہیں نکلے گا۔ حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے عارضی جنگ بندی ایک امید افزا علامت تھی۔