اسلام آباد ،راولپنڈی (پاکستان نیوز) مسلح افواج کے سربراہان نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے عسکری قیادت کا استقبال کیا۔ اعلیٰ عسکری قیادت کوعلاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص کنٹرول لائن اورمقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اعلیٰ عسکری قیادت نے نیشنل سکیورٹی کیلئے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کوسراہا اور پیشہ ورانہ تیاریوں پراطمینان کا اظہار کیا۔