واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن کا ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر جدید اسکریننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر پاسپورٹ اور براہ راست گفتگو کے بغیر جدید ترین سیکیورٹی و چیکنگ کا نظام نافذ کرنے کا منصوبہ۔ امریکہ آنیوالے مسافروں کے لیے امیگریشن اور سرحدی جانچ پڑتال کے روایتی طریقہ کار میں ایک بڑی اور انقلابی تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ادارے نے ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر بغیر پاسپورٹ چیکنگ کا جدید نظام نافذ کرنے کی سمت پیش رفت تیز کر دی ہے۔ اس نئے منصوبے کے تحت امریکہ پہنچنے والے بین الاقوامی مسافروں کو اپنی شناختی دستاویزات یا پاسپورٹ دکھائے بغیر اور سرحد پر مامور افسران سے براہ راست گفتگو کیے بغیر ہی چیک پوائنٹس سے گزرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد جدید ترین آٹومیٹڈ ٹیکنالوجی اور فیشل ریکگنیشن یا خودکار شناختی نظام کے ذریعے مسافروں کی فوری اور سیکیورٹی اسکریننگ کو ممکن بنانا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے کچھ ابتدائی حصے امریکہ کے چند منتخب ہوائی اڈوں پر پہلے سے ہی آزمائشی طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں، تاہم اب متعلقہ حکام کا ارادہ اس نظام کو پورے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر وسیع پیمانے پر یکساں طور پر نافذ کرنے کا ہے۔اس جدید خودکار نظام کی بدولت ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے طویل اور دشوار عمل میں نمایاں تیزی آئے گی اور مسافروں کے لیے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نظام امن و امان، سیکیورٹی اور مسافروں کی درست شناختی تصدیق کو بھی زیادہ اثر انگیز اور محفوظ بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ دورانِ سفر غیر قانونی اشیائ کی ترسیل اور غیر معلنہ رقم کی روک تھام کے لیے بھی جدید ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے انضمام سے مستقبل میں امریکی ہوائی اڈوں پر آمد کا پورا نظام مکمل طور پر تبدیل ہو کر جدید اور خودکار خطوط پر استوار ہو جائے گا۔









