واشنگٹن (پاکستان نیوز)ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک چارٹ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے خود کو امریکی تاریخ کا سب سے عظیم صدر قرار دیا ہے۔ اس درجے میں انہوں نے تاریخی شخصیات ابراہام لنکن اور جارج واشنگٹن کو بھی اپنے سے نیچے یعنی عظیم زمرے میں رکھا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے اپنے ڈیموکریٹک حریفوں، باراک اوباما اور جو بائیڈن کو ناکام ترین صدور کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے فوری طور پر نشاندہی کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی یہ درجہ بندی 1948 میں لائف میگزین کی شائع کردہ ایک فہرست سے شدید مشابہت رکھتی ہے۔ اس چارٹ میں سب سے عظیم کے عنوان سے ایک نیا درجہ شامل کر کے صرف ڈونلڈ ٹرمپ کو رکھا گیا، جبکہ 1950 سے 2000 کے درمیان کے کئی صدور اس فہرست میں شامل ہی نہیں ہیں۔ غائب رہنے والے اہم رہنماؤں میں رونالڈ ریگن، جان ایف کینیڈی، رچرڈ نکسن اور بش خاندان کے دونوں صدور نمایاں ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ درجہ بندی اس ویڈیو کے بعد شیئر کی جس میں ایک امریکی سروے کا ذکر تھا کہ 53 فیصد ریپبلکن ووٹرز ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا سب سے پسندیدہ صدر مانتے ہیں۔ انہوں نے ماضی کی طرح ایک بار پھر باراک اوباما اور جو بائیڈن پر شدید تنقید کی، جبکہ وہ وائٹ ہاؤس کی دالان میں جو بائیڈن کی سرکاری تصویر کی جگہ آٹو پین کے متن والی تصویر بھی لگا چکے ہیں۔













