نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان مشن نیویارک کی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے لیے ہندوتوا کے حامیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی اپیلوں کے خلاف حکومت پاکستان نے شدید تشویش سے بھارتی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے ، یہ پرتشدد نفرت انگیز تقاریر 17-20 دسمبر 2021 کو ہریدوار، اتراکھنڈ میں “دھرم سنسد” کے دوران کی گئیں۔ مبینہ نفرت انگیز تقاریر پر سول سوسائٹی، پاکستان اور دنیا بھر کے عوام کے ہر طبقہ فکر نے گہری تشویش کا اظہار کیا لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہندوستان میں موجودہ ہندوتوا سے چلنے والی بی جے پی آر ایس ایس کی مشترکہ حکومت کے تحت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف زہریلا بیانیہ اور ان پر ظلم و ستم ایک معمول بن گیا ہے ۔ جہاں تک اقوام متحدہ کا تعلق ہے ، ہم اس مسئلے کو تمام فورمز بشمول جنرل اسمبلی، انسانی حقوق کونسل اور اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی متعلقہ مشینری کے ساتھ اٹھاتے رہتے ہیں۔ ہم مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے ۔