بنکاک (پاکستان نیوز) تھائی لینڈ بنکاک اور میانمارمیں ہولناک زلزلے کے دوران 150افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ،ریکٹر اسکیل پر 7.7اور 6.4 کے دو زلزلے ریکارڈ کیے گئے ، بنکاک میں بلند و بالا عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی، 7افراد عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 43 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ریسکیو کا کام تیزی سے جاری ہے۔حالات کی سنگینی کے باعث وزیراعظم نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، زلزلے کے جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیے گئے، لوگ گھروں، دفاتر اور شاپنگ مالز سے باہر نکل آئے، ہر طرف افراتفری مچ گئی۔شہر میں دیگر کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہچا، زلزلے کی گہرائی 16 کلو میٹر اور مرکز میانمار کا شمال مغربی علاقہ تھا۔پہلا زلزلہ آنے کے صرف 12 منٹ بعد دوسرا جھٹکا محسوس کیا گیا، امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق، میانمار میں پہلا زلزلہ آنے کے صرف 12 منٹ بعد ایک اور زلزلہ آیا۔ دوسرا زلزلہ 6.4 شدت کا تھا، جو کہ پہلے زلزلے سے کم شدت کا تھا جس کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔دوسرا زلزلہ ساگائنگ سے 18 کلومیٹر جنوب میں آیا، تعمیراتی عمارت منہدم ہونے کے بعد درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔تھائی حکام کے مطابق، میانمار میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں بنکاک میں ایک غیر مکمل 30 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں 43 تعمیراتی کارکن لاپتہ ہیں۔عمارت میں 50 افراد موجود تھے جو چاتچک پارک کے قریب واقع تھی، جو کہ میانمار کے زلزلے کے مرکز سے سیکڑوں میل دور ہے،7 افراد عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب جبکہ 43 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تھائی نیشنل انسٹیٹیوٹ فار ایمرجنسی میڈیسن نے فیس بک پوسٹ میں کہااے ایف پی کے مطابق، 43 افراد لاپتہ ہیں، اور پولیس نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔پولیس کے نائب سربراہ وراپٹ سکٹھائی نے بتایا، جب میں مقام پر پہنچا تو میں نے لوگوں کو مدد کے لیے پکارا ہوا سنا، وہ مدد مانگ رہے تھے۔ ویڈیوز میں بنکاک میں عمارت کے ملبے کے بعد کی صورتحال دکھائی گئی ہے، جہاں زلزلے کے اثرات کے باعث ایک بڑی عمارت منہدم ہو گئی، زلزلے کے جھٹکے میانمار کے وسطی علاقے سے لے کر ہمسایہ ملک تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک تک محسوس کیے گئے۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے میانمار، تھائی لینڈ اور پڑوسی ممالک میں تباہ کن زلزلے کی دل دہلا دینے والی خبر پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ہمدردیاں اس سانحے سے متاثرہ تمام لوگوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ ہنگامی وقت میں ان کی بہادری اور عزم واقعی قابل تعریف ہے۔ ادھرمیانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلہ کے باعث پاکستانی سفارتخانے متحرک ہوگئے ،پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ینگون اور بینکاک میں ہیلپ لائن قائم کردی گئی،میانمار میں پاکستانی سفارتخانے کے ہنگامی نمبرز جاری کردیئے ہیں، دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہنگامی رابطہ نمبر اور ای میل جاری کر دیے گئے۔