کراچی(پاکستان نیوز) پاکستانی کارگو پی این ایس سی کا جہاز53 سال بعد چٹاگانگ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا، 26 ہزار ٹن چاول کی کھیپ لے کر پاکستانی جہاز ایم وی سبی بنگلہ دیش کی بندرگاہ پہنچ گیا براہ راست تجارت کے ٹوٹے رابطے 5 دہائیوں بعد بحال ہوگئے، پاکستانی بحری جہاز کا بنگلہ دیش میں پرتپاک استقبال کیا گیا، بنگلہ دیش کی وزارت خوراک کے اعلی حکام اور بنگلہ دیش میں پاکستانی سفارت خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اتاشی زین عزیز نے استقبال کیا، شپنگ ذرائع کے مطابق جہاز برتھ پر لنگر انداز ڈسچارجنگ شروع ہوگئی، تجارتی تعلقات کی بحالی پاکستان اور بنگلہ دیش کے معاشی روابط میں اہم پیش رفت ہے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کا مال بردار جہاز ”سبی” بدھ کے روز چٹگانگ پورٹ پہنچا، جس میں 26,250 میٹرک ٹن پاکستانی چاول لادے ہوئے تھے، یہ جہاز پہلے ہی برتھ CCT/1 پر لنگر انداز ہو چکا ہے اور اس کی آف لوڈنگ شروع ہو چکی ہے جو 12 مارچ تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جہاز کی آمد پر وزارت خوراک کے ڈائریکٹر جنرل اور پاکستان سفارتخانے کی ٹیم جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مشیر زین عزیز بھی شامل تھے، برتھ پر جہاز کا خیرمقدم کرنے کیلیے موجود تھے،پاکستان بنگلہ دیش کو حکومت سے حکومت (G2G) معاہدے کے تحت 50,000 میٹرک ٹن چاول برآمد کرنے کیلیے تیار ہے،یہ انتظام ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP) کے ذریعے دو کمپنیوں کو معاہدے دینے کے بعد کیا گیا،بنگلہ دیش نے اپنے ملکی مطالبے کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے چاول درآمد کرنے کی خواہش ظاہر کی جس کے نتیجے میں TCP نے 31 دسمبر کو بین الاقوامی ٹینڈر جاری کیا، یہ ٹینڈر 6 جنوری کو کھولا گیا، جس میں 11 برآمد کنندگان اور تاجروں نے حصہ لیا، اور طویل دانہ سفید چاول (IRRIـ6) کے لیے فی میٹرک ٹن $498.40 سے $523.50 تک کی قیمتیں پیش کیں۔