دنیا کے آلودہ ترین19شہر ایشیاء میں

0
42

لندن (پاکستان نیوز) دنیا میں فضائی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر 20 شہروں میں سے 19 ایشیا میں موجود ہیں۔یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے جس کے مطابق 2024 میں دنیا کے 13 آلودہ ترین شہر بھارت کے تھے، 4 شہر پاکستان، ایک چین اور ایک قازقستان کا تھا۔دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں میں ایشیا سے باہر واقع شہر افریقی ملک چاڈ کا دارالحکومت انجامیناہے۔ تحقیق میں چاڈ کو دنیا میں فضائی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ملک بھی قرار دیا گیا۔سوئٹزرلینڈ کے فضائی معیار جانچنے والے ادارے آئی کیو ائیر نے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ان تمام شہروں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار سے کہیں زیادہ خراب تھا۔اس تحقیق کے لیے فضا میں پارٹیکیولیٹ میٹر2.5 کی مقدار کو دیکھا گیا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق کسی علاقے میں پی ایم 2.5 کی سالانہ اوسط 5 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر ہونی چاہیے۔فضائی آلودگی کے یہ ننھے ذرات اگر زیادہ مقدار میں ہو تو نظام تنفس میں ورم بڑھاتے ہیں جبکہ گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق ان ذرات سے کینسر، فالج، بانجھ پن یا ہارٹ اٹیک جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔اس تحقیق کے مطابق بھارت کا صنعتی شہر Byrnihat دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے جہاں پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار میں عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے 25 گنا سے زیادہ ریکارڈ ہوئی۔نئی دہلی کو مسلسل چھٹے سال دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ دارالحکومت قرار دیا گیا جہاں فی کیوبک میٹر پی ایم 2.5 کا اجتماع 91.8 مائیکرو گرام ریکارڈ کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here